لاہور چڑیا گھر کا مکین ‘’کساوری’’ پرندہ 56 سال کا ہوگیا

Last Updated On 27 May,2020 09:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پورے ملک میں پایا جانے والا اپنی نوعیت کا واحد پرندہ ‘’کساوری’’ بڑھاپے کی عمر کو پہنچ گیا لیکن اُسے جیون ساتھی نہ مل سکا۔ کساوری کو لاہور چڑیا گھر کا سب سے معمر اور قدیم باسی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

کساوری عام طور پر نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور پاپانیوگنی کے جزائر میں پایا جاتا ہے۔ پاکستان میں صرف لاہور کے چڑیا گھر کو اِس پرندے کا میزبان ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

یہ دوڑنے والا پرندہ 22 اکتوبر 1971ء میں تقریباً 6 سال کی عمر میں انگلینڈ سے لایا گیا اور اب یہ چڑیا گھر کا سب سے پرانا مکین ہے۔ آپ نے سر پر ایک چھوٹا سا تاج سجائے ہوئے اِس پرندے کی خوب صورتی پر بالکل نہیں جانا کہ یہ ایک ہی وار میں اپنے پاؤں کے خنجر نما ناخن سے سامنے والے کا سینہ چاک کر سکتا ہے۔

شاید اِس کے جارحانہ پن کے باعث ہی چڑیا گھر کی انتظامیہ اِس کے لیے آج تک جیون ساتھی کا انتظام نہیں کر سکی۔ کساوری کی اوسط عمر پینتالیس سال تک ہوتی ہے یہاں اچھی دیکھ بھال کے باعث یہ اپنی زندگی کی 56 بہاریں دیکھ چکا ہے۔