نئی دہلی: (ویب ڈیسک) جب سے کورونا وائرس کی وباء آئی ہے وہیں پر دنیا بھر میں لوگوں کو سماجی فاصلے اور ماسک پہننے کی تاکید کی جا رہی ہے تاہم بھارت سے ایک حیران کن خبر سامنے آئی ہے جہاں پر معذور خاتون کی جانب سے ماسک پہننے کی تاکید پر ڈپٹی منیجر نے بری طرح تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ آندھرا پردیش میں پیش آیا جہاں محکمہ سیاحت کے دفتر میں سرکاری افسر نے خاتون ملازم کو بال پکڑ کر بری طرح گھسیٹا اور آہنی راڈ سے تشدد کا نشانہ بنایا، واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ حکومت نے کورونا وبا کے باعث دفاتر میں ماسک کا استعمال لازم قرار دیا ہے اور محکمہ سیاحت کے دفتر میں معذور خاتون نے اپنے ڈپٹی مینیجر کو ماسک پہننے کا کہا جس پر وہ طیش میں آگیا اور خاتون کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا۔
Unacceptable! woman employee was attacked inside the office by a senior officer for reminding him about his missing #FaceMask. The shocking incident was recorded on CCTV camera, shows man thrashing the differently-abled woman contract worker in Nellore Govt office #AndhraPradesh pic.twitter.com/3ulxmHsHNK
— Aashish (@Ashi_IndiaToday) June 30, 2020
محکمہ سیاحت کے ڈپٹی مینیجر کی شناخت بھاسکر کے نام سے ہوئی جب کہ خاتون کو تشدد کا نشانہ بناتے وقت دفتر کے دیگر ملازمین بھی وہاں موجود تھے جنہوں نے خاتون کی جان بچائی۔
واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس شخص نے ماسک نہیں پہنا ہوا اور وہ اچانک خاتون کی سیٹ پر آکر اسے بالوں سے گھسیٹ کر تشدد کا نشانہ بناتا ہے۔
واقعے پر خاتون نے اپنے افسر کے خلاف مقدمہ درج کرایا جس پر ملزم نے فرار کی کوشش کی جسے ناکام بناتے ہوئے پولیس نے اسے دھرلیا جب کہ اس کا کورونا ٹیسٹ بھی کیا گیا۔
پولیس نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے سمیت دیگر دفعات کے تحت ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا جس پر اسے عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔