فیکٹری کا وینٹی لیشن سسٹم خراب، آسمان سے چاکلیٹ کی بارش

Published On 25 August,2020 10:45 am

برن: (روزنامہ دنیا) سوئٹزر لینڈ کے ایک قصبے میں آسمان سے چاکلیٹ کی بارش ہونے لگی اورلوگ حیران رہ گئے تاہم جلد ہی یہ راز کھل گیا کہ چاکلیٹ کی بارش فیکٹری کا وینٹی لیشن سسٹم خراب ہونے کے باعث ہوئی۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق چاکلیٹ کی بارش کا عجیب و غریب واقعہ سوئٹزرلینڈ کے قصبے آلٹن میں پیش آیا اور لوگ حیران ہوگئے جب انہوں نے آسمان سے چاکلیٹ کے ذرات برستے ہوئے دیکھے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ قصبے کے قریب چاکلیٹ کی فیکٹری کا وینٹی لیشن سسٹم خراب ہو گیا تھا جس کے باعث چاکلیٹ کے ذرات اڑکر باہر جانے لگے ہیں۔

اس صورتحال سے بچے بہت خوش ہوئے اور پہلے وہ یہی سمجھے کہ کسی جادوئی طریقے سے آسمان سے چاکلیٹ برسنا شروع ہو گئی ہے تاہم بعد میں حقیقت کھلنے پر بچوں کی خوشی ماند پڑ گئی۔