ہوٹل سے متعلق منفی رائے کیوں لکھی؟ سیاح کو دو سال جیل کی سزا

Published On 29 September,2020 05:44 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) تھائی لینڈ میں ایک امریکی شخص کو ہوٹل سے متعلق منفی رائے لکھنے پر دو سال کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اکثر ہم گھومنے پھرنے کے لیے جگہ کا انتخاب کرنے سے پہلے اس کے (ریویوز) یعنی لوگوں کی اس جگہ کے حوالے سے رائے ضرور دیکھتے ہیں اور اس کے بعد کہیں بھی جانے کا فیصلہ کرتے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی شہری نے تھائی لینڈ کے دی سی ویو ریزورٹ میں ٹھہرنے کے بعد اس کے بارے میں ٹرپ ایڈوازئر ویب سائٹ پر منفی رائے لکھی جس پر ہوٹل کے مالک نے اس پر ہتک عزت کا مقدمہ کردیا جس کے تحت سیاح کو 2 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

ویسلے بارنس نامی امریکی شہری کی جانب سے ہوٹل کے حوالے سے منفی رائے سے متعلق ہوٹل مالکان کا کہنا تھا کہ شہری کی سخت تنقید بے بنیاد ہے اور اس سے ہمارے ہوٹل کا نام بدنام ہوا ہے۔

ہوٹل مالکان نے ویسلے بارنس کے خلاف شکایت درج کی کہ انہوں نے ہمارے ہوٹل کے حوالے سے بے بنیاد اور منفی رائے لکھی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ویسلے بارنس اور ہوٹل کے درمیان اس وقت تنازع پیش آیا جب ویسلے بارنس ہوٹل میں اپنے ساتھ وائن کی بوتل لائے اور انہوں نے اس وائن کی بوتل کی کارکیج فیس دینے سے انکار کردیا تھا۔

اس واقعے کے بعد ویسلے بارنس نے ہوٹل کے خلاف منفی رائے لکھ د ی جس کے بعد ہوٹل مالکان نے ان کے خلاف مقدمہ درج کردیا۔