لاہور: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں کئی برس قبل متعارف کروائے گئے ڈبل بٹن دبانے والے فلش سسٹم سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ یہی نظام دراصل روزانہ 40 کروڑ لیٹر پانی ضائع کرنے کا سبب بن رہا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی ماہرین نے پانی کے غیر ضروری استعمال سے متعلق ڈوئل فلش سسٹم پر تنقید شروع کر دی ہے جو پانی کی بچت کی بجائے ضیاع کا سبب بنتا جا رہا ہے۔ برطانیہ میں کئی برس پہلے ڈبل فلش سسٹم کا استعمال شروع کیا گیا تھا جس سے متعلق خیال تھا کہ یہ پانی کی مختلف مقدار خارج کرتے ہیں اور پانی زیادہ ضائع نہیں ہوتا۔
تاہم اب ماہرین نے ڈوئل فلش سسٹم میں کئی خرابیوں کی جانب اشارہ کیا ہے کہ یہ فلش سسٹم 40 کروڑ لیٹر پانی ضائع کرنے کا سبب بن رہا ہے، دراصل اس سسٹم کی تنصیب کے ایک ہفتے بعد ہی پانی لیک ہونا شروع ہو جاتا ہے، دن رات مسلسل بہنے سے پانی کی بہت بڑی مقدار استعمال میں لائے بغیر ہی ضائع ہو جاتی ہے۔
ایک مقامی تنظیم کے اعدادوشمار کے مطابق اس سسٹم سے ضائع ہونے والے پانی سے 28 لاکھ افراد کی ضرورت پوری ہو سکتی ہے، 24 گھنٹے میں یہ فلش سسٹم 200 سے 400 لیٹر پانی کے ضیاع کا سبب بن رہا ہے۔ ماہرین نے اس سسٹم کے ڈیزائن میں ہی خرابی کی نشاندہی کی ہے جس میں کچرا جانے کی صورت میں والو خراب ہو جاتا ہے اور پانی ٹپکنے لگتا ہے۔