پیرس: (روزنامہ دنیا) ایک نامعلوم شخص نے پیرس میں واقع مشہور لوور میوزیم میں شہرہ آفاق اور پیش قیمت شاہکار ‘مونالیزا’ کے ساتھ خاص اور تنہا وقت گزارنے کی آن لائن نیلامی میں 98,000 ڈالرادا کر دئیے ہیں۔
اس موقع کو حاصل کرنے والے خوش نصیب کو پورے عجائب گھر کا ایک خاص، نجی دورہ کرایا جائے گا۔ یہ دورہ رات کے وقت ہوگا جس میں ٹارچ کی روشنیاں استعمال کی جائیں گی۔ لیکن اس طرح کے دورے دیگر افراد کیلئے بھی نیلام کئے گئے ہیں جن میں مونالیزا کے ساتھ گزارے جانے والا تنہا وقت شامل نہیں ہوگا۔
مونا لیزا کی تصویر دیکھنے والے تنہا شخص کیلئے مشہور زیور اور گھڑی ساز کمپنی کارٹیئر نے اپنی بریسلیٹ بھی رکھی ہے جس کی قیمت 110,000 ڈالر ہے۔ کووڈ وبا کے تناظر میں یہ عجائب گھر کئی ماہ سے بند ہے اس خاص اور نجی دورے سے حاصل ہونے والی رقم سے اس کے اخراجات پورے کئے جائیں گے۔