بھارت: چالان نے 3 سال سے بچھڑے شخص کو اہلخانہ سے ملا دیا

Published On 21 December,2020 04:59 pm

نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) تین سال سے لاپتا بھارتی شہری کی کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے باعث اہل خانہ سے ملاقات ہوگئی۔

اہل خانہ سے ملاپ کا یہ دلچسپ اور انوکھا واقعہ بھارتی ریاست تلنگانہ میں پیش آیا جہاں ستیش نامی شخص ایم این سی نامی کمپنی میں سافٹ ویئر انجینئر کی ملازمت کر رہا تھا اور اس کی آٹھ سالہ بیٹی بھی ہے۔

مذکورہ شخص کو کھیتی باڑی کا شوق تھا تاہم اہلخانہ کی جانب سے متعدد بار انکار پر ستیش اچانک 2017ء میں گھر سے فرار ہو گیا اور تین سال گزرنے کے باوجود اہل خانہ کو نہ ملا۔

اہلخانہ نے تھانے میں رپورٹ درج کرائی تاہم ان کے بیٹے کا کہیں پتا نہ چلا۔ ایک روز ظہیر آباد میں ایس او پیز اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر پولیس نے ستیش کی تصویر عکس بند کرکے تھانے بھیجی جس پر پولیس نے اہل خانہ کو بلا کر ستیش کا حلیہ جانا۔
تصویر دیکھ کر اہل خانہ نے تصدیق کی جس پر پولیس نے ستیش کو چالان بھرنے کیلئے تھانے بلایا اور خاندان والوں سے ملاقات کرائی۔

 

Advertisement