اوٹاوا:(روزنامہ دنیا) کینیڈا میں خاتون کو گاڑی سٹارٹ کرکے چھوڑنا مہنگا پڑ گیا، پالتو کتا گاڑی سمیت کھائی میں جاگرا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں کتے نے خاتون مالک کی دوڑیں لگوادیں، خاتون نے گاڑی سٹارٹ کرکے چھوڑ دی اور باہر نکل گئیں۔ کتے سے حادثاتی طور پر گاڑی چل گئی اور گاڑی چلتے ہوئے کتے سمیت کھائی میں گرگئی۔
خاتون نے گاڑی کو آگے جاتے دیکھ کر اسے روکنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن وہ اس میں ناکام رہیں۔مذکورہ واقعہ گزشتہ دنوں کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے جانسٹن روڈ پر پیش آیا، گاڑی روکنے کی کوشش کے دوران خاتون زخمی ہوگئیں تاہم ان کو معمولی چوٹیں آئیں ،ان کو ہسپتال میں طبی امداد کے بعدڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ خاتون نے اپنی غلطی ماننے کے بجائے حادثے کا ذمہ دار اپنے پالتو کتے کو ہی ٹھہرادیا۔