نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا سے ایک حیران کن خبر آئی ہے جہاں پر شدید برفباری کے دوران دس گھنٹے تک گاڑی میں رہنے والا شخص معجزاتی طور پر بچنے میں کامیاب ہو گیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست نیویارک کے اویگو ٹاؤن میں شدید برفباری کے دوران سفر کرنے والے کیون کرسن نامی شخص 10 گھنٹے تک گاڑی سمیت برف میں پھنسے رہے، 10 گھنٹے گزرنے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے ان کی زندگی بچالی۔
رپورٹ کے مطابق کیون کرسن اویگو قصبے میں برفانی طوفان کے دوران گاڑی چلا رہے تھے کہ گاڑی ٹرک سے ٹکرانے کے بعد کھائی میں پھنس گئی، برف کی موٹی تہہ جمنے سے گاڑی کا دروازہ بھی بند ہوگیا جس کے بعد ان کے پاس شدید برفباری کے دوران گاڑی کے اندر رہنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیں: دادی نے اپنی پوتی کو ’جنم‘ دیدیا
خو ش قسمتی سے کیون مدد کے لیے 911 پر کال کرنے میں کامیاب رہے، نیویارک کی ایک ریاست کے فوجی دستے نے انہیں بچالیا لیکن کیون گاڑی سے باہر نکلنے میں 10 گھنٹوں کا وقت لگا۔
ریاستی پولیس ترجمان جیسن کاویلی نے بتایا کہ اگر ہمیں جائے وقوعہ پر پہنچنے میں ایک گھنٹے مزید دیر ہوجاتی تو کیون کی موت ہوسکتی تھی۔
جیسن کاویلی کا کہنا تھا کہ اگر وہ ایک اور گھنٹے کے لیے وہاں موجود ہوتے تو ان کے جسم کا درجہ حرارت کم ہوجاتا اور مجھے یقین ہے کہ وہ مزید وقت گاڑی کے اندر برداشت نہیں کرسکتے تھے۔
کیون نے بتایا کہ وہ آدھی رات کو اپنی کار کو لے کر نکلے تھے شدید برفباری کے دوران حادثے کے بعد گاڑی کھائی میں گری ، برفباری کا سلسلہ جاری تھا جس کی وجہ سے گاڑی کے گرد برف کی تہہ جم گئی اور گاڑی کا دروازہ لاک ہوگیا، متعدد بار ریسکیو اداروں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا بالآخر ریسکیو اداروں سے رابطہ بحال ہونے پر جان بچ گئی، انہوں نے مدد کرنے پر ریسکیو اداروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔