نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا میں ایک خبر نے سب کو حیران کر ڈالا ہے جہاں پر ایک نجی بینک نے اپنے صارف کے اکاؤنٹ میں غلطی سے 50 ارب ڈالر کی خطیر رقم منتقل کردی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست لوزیانا کے رہائشی رئیل سٹیٹ ایجنٹ ڈیرن جیمز اور ان کی اہلیہ کو موبائل پر بینک اکاؤنٹ کا پیغام موصول ہوا کہ ان کے اکاؤنٹ میں 50 ارب ڈالر کی رقم منتقل ہوئی ہے جس پر وہ ہکا بکا رہ گئے۔
ڈیرن جیمز نے فوری اپنے بینک کو کال کی اور آگاہ کیا کہ ان کے اکاؤنٹ میں 50 ارب ڈالر کی خطیر رقم منتقل ہوئی ہے جو کہ ان کی نہیں ہے۔
بینک نے ڈیرن کی جانب سے آگاہ کرنے پر فوری طور پر رقم واپس نکال لی تاہم یہ وضاحت نہیں کی کہ اتنی خطیر رقم کہاں سے آئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: دادی نے اپنی پوتی کو ’جنم‘ دیدیا
ڈیرن کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی رقم اکاؤنٹ میں دیکھنے کے تجربہ بہت زبردست تھا کیونکہ انہوں اپنی زندگی میں کبھی اتنے صفر نہیں دیکھے تھے۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ ہفتے کو پیش آیا اور یہ رقم ڈیرن جیمز کے اکاؤنٹ میں تین دن تک موجود رہی۔ اگرچہ یہ رقم مذکورہ جوڑے کے اکاؤنٹ سے واپس نکال لی گئی ہے لیکن ڈیرن اور ان کی اہلیہ اس کا سکرین شاٹ محفوظ کرنے میں کامیاب رہے۔
یاد رہے اگر کسی صارف کے اکاؤنٹ میں کوئی نامعلوم ٹرانزیکشن ہو تو اسے اپنے بینک کو فوری طور پر آگاہ کرنا ضروری ہوتا ہے۔