مشین کو آنکھیں دکھائیے ، بدلے میں کرپٹو کرنسی پائیے

Published On 02 July,2021 08:12 am

سلیکان ویلی:(روزنامہ دنیا) ایک امریکی سٹارٹ اپ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ جو کوئی بھی ان کی کمپنی سے اپنی آنکھ کی سکیننگ کروائے گا، اسے معاوضے میں ایک نئی کرپٹو کرنسی ‘‘ورلڈ کوائن’’ دی جائے گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق صرف یہی نہیں بلکہ آنکھ کی سکیننگ کروانے والے کو ‘‘ورلڈ کوائن’’ کمپنی میں تھوڑا سا حصہ بھی دیا جائے گا۔ورلڈ کوائن کمپنی اور اسی نام سے کرپٹو کرنسی کے بانی سیم آلٹمین کا کہنا ہے کہ ایک مخصوص مشین کے ذریعے آنکھوں کی سکیننگ کرکے سکیورٹی اور ذاتی معاملات کے حوالے سے اس شخص کی ایک ڈیجیٹل شناخت تخلیق کی جائے گی جو مکمل طور پر محفوظ ہوگی یعنی اس شناخت کو صرف وہی شخص استعمال کرسکے گا۔

اپنی کمپنی ‘‘ورلڈ کوائن’’ کے ذریعے بھی آلٹمین یہی کرنا چاہتے ہیں کہ بلاک چین ٹیکنالوجی کے ذریعے ہر شخص کی ڈیجیٹل شناخت کو اس قدر محفوظ بنا دیا جائے کہ کوئی بھی اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کرسکے ۔