نیویارک: (روزنامہ دنیا) زمین پر ایک قصبہ ایسا بھی ہے جہاں سورج اب 2 ماہ بعد طلوع ہو گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست الاسکا کا قصبہ یٹکیا جیوک، جس کو پہلے بیرو کے نام سے جانا جاتا تھا، وہاں نومبر 18 کو جب سورج غروب ہوا تو طویل ترین رات کا آغاز ہو گیا۔ درحقیقت یہ اس قصبے میں 2021 میں آخری بار سورج غروب ہوا تھا اور اب وہاں کے رہائشی سورج کی روشنی کو دوبارہ 2 ماہ سے زیادہ عرصے بعد دیکھ سکیں گے۔
اس کی وجہ پولر نائٹ یا قطبی رات ہے جو آرکٹک اور انٹارکٹیکا خطوں میں ہر سال موسم سرما میں نمودار ہوتی ہے کیونکہ زمین اپنے محور پر کچھ جھک جاتی ہے۔ ایسا ہونے سے آرکٹک سرکل سرما اور بہار کے دوران سورج سے کئی دنوں ، ہفتوں بلکہ مہینوں تک دور رہ سکتا ہے۔ اس کے مقابلے میں گرمیوں میں اس خطے میں سورج کی روشنی 24 گھنٹے تک برقرار رہتی ہے اور اس کو مڈ نائٹ سن کہا جاتا ہے، اب وہاں سورج 22 جنوری کو طلوع ہو گا۔