ہارورڈ: (روزنامہ دنیا) جامعہ واشنگٹن اور جامعہ پرنسٹن کے انجینئروں نے غالبا دنیا کا سب سے چھوٹا کیمرہ بنایا ہے جو بہت واضح رنگین تصاویر لے سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ کیمرہ روشنی کو جذب کرنے والی میٹا سرفیس سے بنایا گیا ہے جس کا ہر حصہ روشنی جذب کرتا ہے اور اسے مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ یہ شیشے کا ایک شفاف پینل نما نظر آتا ہے جس میں گول دائرے میں کوئی سفید شے دکھائی دے رہی ہے۔ نصف ملی میٹر کی معمولی جسامت کی یہ ایجاد روشنی کو اس طرح موڑتی ہے کہ اس کا عکس مکمل ہو جاتا ہے۔ پھر ایک الگورتھم سگنل پروسیسنگ طریقے سے ڈیٹا سے تصویر کی تشکیل کرتا ہے۔
اس ایجاد کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ تجارتی پیمانے پر اس کی تیاری بہت آسان ہے، کیمرہ سینسر سلیکون نائٹریٹ پر مشتمل ہے اور الٹرا وائلٹ لیتھو گرافی سے کاڑھا جا سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کا سب سے اہم استعمال شعبہ طب میں ہو سکتا ہے۔