لاہور:(ویب ڈیسک)دنیا میں آئے روز ایسے عجیب و غریب واقعات رونما ہوتے ہیں کہ جن کے بارے سوچ اور جان کر عقل انسانی دنگ رہ جائے،ایسا ہی ایک واقعہ مصر میں پیش آیا جہاں پر پڑوسیوں سے مانگ کر کپڑے پہننے والی خاتون کا شوہر طلاق کے لئے عدالت میں پہنچ گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ حیرت انگیز واقعہ مصر میں پیش آیا جہاں پرایک 30 سالہ شخص اپنی بیوی کی چوری کی حرکات سے تنگ آکر عدالت پہنچ گیا ، اس نے عدالت کو بتایا کہ میری بیوی ویک اینڈ پر سیروتفریح کے لیے پڑوسیوں سے کپڑے مانگ لاتی ہے لیکن کبھی انہیں واپس نہیں کرتی۔
عدالت کو مصری شخص نے بتایا کہ میری اہلیہ ہر بار کسی نئے پڑوسی سے کپڑے مانگ لاتی ہے اور ان کو دھمکی بھی دے کر آتی ہے اگر وہ اپنے کپڑے واپس مانگنے آئی تو انہیں تشدد کا نشانہ بنائے گی۔
30 سالہ شخص نے جب اپنی اہلیہ سے اس بات کی تصدیق کرنا چاہی تو اس نے فوراً سب کچھ تسلیم کرلیا جس پر میں نے اسے طلاق مانگی لیکن وہ اس پر راضی نہیں ہوئی لہٰذا میرے پاس فیملی کورٹ جانے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں بچا تھا۔
مصری شہری کے مطابق پڑوسی خاتون نے مجھے بتایا کہ آپ کی بیوی کی اس حرکت پر میں پولیس میں شکایت درج کروارہی ہوں جس پر میں نے انہیں نئے کپڑے دلاکر معاملہ رفع دفع کرنے کی درخواست کی اور وہ مان گئے جس سے میں پولیس سٹیشن جانے سے بچ گیا۔