ناگپور: (دنیا نیوز) بھارت میں دوست سے شادی کیلئے اجتماعی زیادتی کا ڈرامہ کرنے والی لڑکی کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 19 سالہ لڑکی نے ناگ پور تھانے میں اپنے ساتھ اجتماعی زیادتی کی رپورٹ درج کروائی جس پر پولیس کمشنر ایک ہزار اہلکاروں کے ساتھ متحرک ہوا اور شہر بھر میں نگرانی شروع کروا دی۔ پولیس نے لڑکی کے فلیٹ کے اطراف آنے جانے والی تمام شاہراہوں پر لگے کیمروں کے 250 سے زائد سی سی ٹی وی فوٹیجز دیکھے ۔
پولیس نے لڑکی کی سرگرمیوں کو جاننے کیلئے ان فوٹیجز کی مدد لی تو لڑکی کو دن بھر سڑکوں پر آوارہ گردی کرتے اور پولیس سٹیشن میں داخل ہوتے دیکھا گیا۔ جب پولیس نے سختی برتی تو لڑکی بالاخر بول پڑی کہ یہ سب بوائے فرینڈ کی ہمدردی حاصل کرنے کیلئے کیا تا کہ وہ اس سے شادی کر لے۔