نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک انوکھا معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں بنائے گئے بیت الخلاء لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر بھارتی ریاست اتر پردیش کے بستی ضلع میں بنائے گئے ٹوائلٹس کی تصاویر وائرل ہیں جن میں دو ٹوائلٹ سیٹیں لگائی گئی ہیں، اس کے ساتھ باتھ روم میں گیٹ بھی نہیں ہے، تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے صارفین کی جانب سے سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ اس باتھ روم کو کوئی کیسے استعمال کر سکتا ہے؟۔
رپورٹس کے مطابق یہ معاملہ ٹاؤن شپ ہیڈکوارٹر سے 20 کلومیٹر دور کدرہا بلاک علاقے سے سامنے آیا ہے، یہاں ایسا بیت الخلا دیکھ کر خود پنچایت سربراہ بھی حیران رہ گئے۔
گاؤں کے سربراہ اور سیکرٹری نے 10 لاکھ کی لاگت سے کمیونٹی ٹوائلٹ بنوایا ہے لیکن آج تک کوئی اسے استعمال نہیں کر سکا کیونکہ یہاں ایک ہی باتھ روم میں دو ٹوائلٹ سیٹیں لگائی گئی تھیں اور گیٹ تک نہیں لگایا گیا تھا، قصور وار سیکرٹری کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
جیسے ہی یہ معاملہ سامنے آیا، اس کو لے کر کافی بحث ہوئی، جب اس پورے معاملے کے بارے میں ضلع پنچایت سربراہ نمرتا شرن سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ قصوروار سیکرٹری کو نوٹس جاری کیا گیا ہے اور مذکورہ کمیونٹی ٹوائلٹ کو جلد از جلد ٹھیک کرنے کی سخت ہدایات دی گئی ہیں، اس کے علاوہ رپورٹ آنے کے بعد متعلقہ افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔