ٹیکساس: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والی 81 سالہ خواتین نے یہ ثابت کر دیا کہ دنیا گھومنے کیلئے عمر کی کوئی قید نہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 81 سالہ ڈاکیومنٹری فوٹوگرافر ایلی ہیمبے اور 81 سال کی ہی لیکچرار سینڈے ہیزلیپ نے 80 دن میں پوری دنیا کا سفر کر کے سب کو حیران کر دیا۔
دونوں نے اپنے سفر کا آغاز 11 جنوری کو کیا اور اپنا پہلا سٹاپ انٹارکٹیکا میں کیا، انہوں نے سخت سردی اور مشکل ترین برفانی راستوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنے سفر کو یادگار بنایا۔
رپورٹس کے مطابق ایلی اور سینڈے جو کہ بہترین دوست بھی ہیں نے 7 براعظموں کے 18 ملکوں کا سفر کیا اور دنیا کے بہترین اور حیرت انگیز مقامات کی سیر کرتے ہوئے ان لمحات کو سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی شیئر کیا۔
سینڈے نے بتایا کہ 1999 میں شوہر کے انتقال سے پہلے میری ملاقات ایلی سے ہوئی تھی، ہم دونوں کے شوہر زیمبیا کے میڈیکل مشن پر ایک ساتھ کام کرتے تھے۔
رپورٹس کے مطابق 2005 میں ایلی کے شوہر کا بھی انتقال ہوگیا تھا جس کے بعد یہ دنوں بہترین دوست بن گئیں اور دونوں کو ہی گھومنے اور دنیا کا سفر کرنے کا شوق تھا۔
ایلی اور سینڈے نے ایک ساتھ کچھ ممالک کا سفر بھی کیا اور بعدازاں انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ جیسے ہی 80 سال کی ہوں گی وہ 80 دن میں دنیا گھومنے نکل جائیں گی۔
تاہم 2022 میں دونوں نے 80 ویں سالگرہ منائی پر کچھ ممالک میں کورونا کی پابندیوں نے ان کے اس منصوبے پر پانی پھیر دیا لیکن انہوں نے رواں سال اپنے خواب کو پورا کرنے کا فیصلہ کیا اور منزل کی جانب نکل پڑیں۔
اپنےگزشتہ 3 ماہ کے سفر کے دوران دونوں نے انٹارکٹیکا کے گلیشیئرز سے لے کر مصر کے ریگستان اور نیپال کے پہاڑوں تک سیر کی۔
دونوں دوستوں نے اس یادگار سفر کو اپنے آنجہانی شوہروں کے نام کر دیا۔