برلن: (ویب ڈیسک) برلن کے چڑیا گھر کی ایک ہتھنی نے انسانوں کو دیکھ کر کیلا کھانا سیکھ لیا ہے، وہ اس عمل میں اپنی سونڈ کو بہت مہارت سے استعمال کرتی ہے۔
ہتھنی کی اس مہارت پر سائنسدانوں نے بہت غور کیا ہے کہ وہ کیلے کو سونڈ میں پھنسا کر جھٹکا دیتی ہے، پھر سونڈ کے حصے سے ہی اس کا چھلکا اتارتی ہے اور بسا اوقات زمین پر دے مارتی ہے، اس دھینگا مشتی میں گودا باہر آ جاتا ہے جسے وہ ہڑپ کر جاتی ہے۔
خیال ہے کہ اس نے تماشائیوں یا خود برلن چڑیا گھر کے عملے کو دیکھ کر اسے سیکھا ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہاتھیوں میں انسانوں جیسے پیچیدہ افعال سیکھنے کی غیرمعمولی صلاحیت پائی جاتی ہے۔
ہمبولٹ یونیورسٹی اور برلن میں واقع کمپیوٹیشنل نیوروسائنس کے سائنسدانوں نے اسے ایک غیرمعمولی رویہ قرار دیا ہے، اس میں ہتھنی مہارت، رفتار اور انفرادی انداز میں اپنا کام دکھاتی ہے، تاہم اب بھی یہ ہر کیلا نہیں کھاتی بلکہ سبز اور مکمل پکے ہوئے پیلے پھل کھانا پسند کرتی ہے، اس کی تفصیلات کرنٹ بائیولوجی نامی جرنل میں شائع ہوئی ہے۔
چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اس کی ایک ویڈیو بنائی ہے، ویڈیو کو سلوموشن کر کے دیکھا گیا تو اس کی سب سے اہم مہارت سامنے آئی جس میں وہ اپنی سونڈ سے ہی کیلے کا چھلکا اتارنے میں جزوی کامیابی حاصل کر لیتی ہے۔