امریکی جیل میں قید شخص کو کھٹمل اور کیڑے مکوڑے زندہ کھا گئے

Published On 15 April,2023 01:44 pm

جارجیا: (ویب ڈیسک) امریکا کی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا کی جیل میں قید ایک شخص کو کھٹمل اور دیگر کیڑے مکوڑے زندہ کھا گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مرنے والے شخص کے اہلخانہ نے عدالت میں کیس دائر کر دیا ہے اور وکیل نے اسے غیر انسانی عمل قرار دیا ہے۔

پولیس کے مطابق 35 سالہ LaShawn Thompson کو گزشتہ سال 12 جون کو اٹلانٹا میں معمولی جرم کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا اور اسے ابھی تک سزا نہیں سنائی گئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق ملزم کو فلٹن کاؤنٹی جیل کے نفسیاتی ونگ میں رکھا گیا تھا جب حکام کو یہ بات معلوم ہوئی کہ اسے ذہنی مسائل ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق مرنے والے شخص کے خاندان کے وکیل مائیکل ڈی ہارپر نے ایک بیان میں کہا کہ تین ماہ بعد 13 ستمبر کو LaShawn Thompson ایک گندے اور غلیظ سیل میں مردہ پایا گیا، ہم تھامسن کی موت کی مجرمانہ تحقیقات اور جیل کو بند کرنے کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔

مائیکل ڈی ہارپر نے کہا کہ یہ جیل خوفناک ہے اور کسی جانور کو رکھنے کے بھی قابل نہیں ہے، تھامسن کا کیس چل رہا تھا، اسے سزا نہیں سنائی گئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق فلٹن کاؤنٹی میڈیکل ایگزامینر کے دفتر کی ایک رپورٹ میں بھی کیڑے مکوڑوں کے کاٹنے سے ہونے والی بیماری کی تصدیق کی گئی ہے۔

مرنے والے شخص تھامسن کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ جیل میں موجود اہلکاروں اور میڈیکل سٹاف نے نوٹس کیا کہ اس کی صحت خراب ہو رہی ہے لیکن ان لوگوں نے اس کی کوئی مدد نہیں کی وہ لوگ اس کی صحت کو خراب ہوتا دیکھتے رہے یہاں تک کہ وہ مر گیا۔