ذائقے سے بھرپور زہریلی مچھلی کا گوشت کھانے سے میاں بیوی ہلاک

Published On 15 April,2023 09:47 pm

جکارتا: (ویب ڈیسک) ملائیشیا میں پفر فش دو اور قیمتی جانیں لے گئی، معمر جوڑا ذائقے سے بھرپور زہریلی مچھلی کا گوشت کھانے سے جان کی بازی ہار گیا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ملائیشیا کے شہری نے آن لائن سٹور سے پفرفش آرڈر کی اور اہلیہ کے ہمراہ اسے پکا کر کھا لیا، عمومی طور پر یہ مچھلی انتہائی لذیذ ہوتی ہے تاہم اس میں زہر بھی ہوتا ہے جس کا اثر ایک خاص طریقے سے پکانے کے بعد ہی زائل ہوتا ہے۔

رپورٹ مطابق مچھلی کھانے کے کچھ دیر بعد ہی میاں بیوی پر کپکپی طاری ہوگئی، دونوں کو سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہو رہا تھا جس پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا، ہسپتال پہنچنے پر خاتون دم توڑ گئی جبکہ اس کا شوہر ایک ہفتے کومہ میں رہنے کے بعد انتقال کر گیا۔

اس واقعے کے بعد انتقال کرنے والے جوڑے کی بیٹی اور دیگر شہریوں کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ پفر فش جیسی غذائیں فروخت کرنے پر مکمل پابندی عائد کرے یا پھر انہیں پکانے کا سخت معیار طے کرے۔