نیویارک: (ویب ڈیسک) دنیا کے قدیم اور نادر ہیرے 'لگونا بلیو' کی فروخت کا اعلان کردیا گیا۔
1970 میں اس کی دریافت کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب غیر معمولی قیمتی پتھر فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے، یہ شاندار قیمتی ہیرا یکم مئی 2023 کو میٹ گالا کے ریڈ کارپٹ پر پیش کیا گیا۔
جواہرات کی نیلامی کرنے والی کمپنی سوتھبی نے اس کے بارے میں بتایا کہ فطرت کے آغاز کے ساتھ ایک ارب سال پہلے یہ ہیرا اپنی خام شکل میں پیدا ہوا تھا جو وقت گزرنے کے ساتھ نیلے رنگ میں روشن ہو گیا۔
اسے 12 سے 16 مئی 2023 تک جنیوا میں سوتھبی کے لگژری ویک میں نمائش اور فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا،نیلامی کے منتظمین پر امید ہیں کہ ہیرا 25 ملین ڈالر سے زیادہ میں فروخت ہوگا حالانکہ اس کا وزن صرف 2 گرام 11.16 قیراط ہے۔
منفرد نیلا ہیرا اسی یورپی مجموعہ میں 50 سال سے زیادہ عرصے سے موجود ہے اور اسے جیمولوجیکل انسٹی ٹیوٹ آف امریکا کی جانب سے نیلے ہیرے کے لیے اعلیٰ ترین درجہ دیا گیا ہے۔
غیر ترمیم شدہ، ناشپاتی کی شکل کے نیلے ہیرے کا غیر معمولی رنگ اور چمک دمک اسے تین گنا زیادہ نایاب بنا دیتا ہے۔
نیلا ہیرا ، ہیروں کی نایاب اور بہترین قسم مانا جاتا ہے، زمین لاکھوں سال تک اپنی گود میں اس کی پرورش کرتی ہے ، اس دوران بورون کیمیائی جزو اور کرسٹل کا ملاپ ہوتا ہے اور انتہائی گہرائی میں اعلی دباؤ کے ساتھ مخصوص ارضیاتی حالات کے درمیان اس ہیرے کا جنم ہوتا ہے۔
نیلے ہیرے، کسی بھی قسم کے اور کسی بھی سائز کے ہوں نایاب شمار ہوتے ہیں، ان میں سے بھی 5 قیراط سے زیادہ کے نیلے ہیرے نادر اور 10 قیراط سے زیادہ کے ہیرے نایاب ترین ہیں۔