ریاض :(ویب ڈیسک ) فلپائن کی 16 ماہ کی دھڑ سے جڑی عجیب الخلقت بچیوں کے علاج کیلئے قدرت مہربان ہو گئی، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایات پر دونوں کو سعودیہ لایا جا رہا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق فلپائن میں سعودی سفیر ہشام بن سلطان القحطانی نے اپنے دفتر میں دھڑ سے جڑی بچیوں اور ان کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں سعودی عرب بھیجنے کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا۔
دونوں بچیوں کا سعودیہ کے فلیگ شپ پروگرام کے تحت ریاض کے ہسپتال میں آپریشن کیا جائے گا، فلپینی بچیاں عائشہ اور اکیزا کا اوپری حصہ ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے، شاہ سلمان سینٹر کی جانب سے خصوصی طیارہ فلپائن پہنچ گیا، بچیوں کو ان کے والدین سمیت مملکت لایا جائے گا۔
اس موقع پر فلپائن میں سعودی سفارتخانے میں شاہ سلمان مرکز برائے فلاح انسانیت کی ٹیم اور فلپائن کے معاون وزیر خارجہ، ریڈ کراس کے صدر اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔
جڑی ہوئی بچیوں کے والدین نے مملکت کی اعلیٰ قیادت کی اس فیاضی اور ہمدردی پر شکریہ ادا کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ 1990 سے اب تک سعودی عرب میں 25 ممالک کے 130 جڑے ہوئے بچوں کو آپریشن کے ذریعے علیٰحدہ کیا جا چکا ہے۔