اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی بزنس وفد کے متوقع دورہ پاکستان کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے 16 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دیدی۔
ذرائع کے مطابق وزیر پٹرولیم کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، وفاقی وزراء تجارت، نجکاری، پاور اور صنعت و پیداوار ارکان میں شامل ہیں، سعودی عرب میں پاکستانی سفیر، سیکرٹری ایس آئی ایف سی بھی ارکان میں شامل ہیں۔
چیف پروٹوکول وزارت خارجہ بھی کمیٹی کے ارکان میں شامل ہوں گے، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، وزیر مملکت آئی ٹی بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سیکرٹریز پاور، پٹرولیم، داخلہ، آئی ٹی، تجارت اور سرمایہ کاری بورڈ کمیٹی کا حصہ ہوں گے، کمیٹی سعودی وفد کیلئے بزنس میٹنگز کے انتظامات کرے گی۔
کمیٹی کو وفد کیلئے سکیورٹی انتظامات کا ٹاسک بھی دیا گیا ہے، وزارت تجارت کمیٹی کیلئے سیکرٹیریل سپورٹ فراہم کرے گی۔