عالمی ریکارڈ بنانے والا گھانا کا ننھا آرٹسٹ

Published On 01 June,2024 12:32 pm

اکرا:(ویب ڈیسک ) گھانا کے ننھے آرٹسٹ نے عالمی ریکارڈ قائم کرلیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا کہ 1 سال 152 دن کی عمر میں گھانا سے تعلق رکھنے والے ننھے Ace-Liam Nana Sam Ankrah دنیا کے سب سے کم عمر مرد آرٹسٹ ہیں، ان کے پہلے آرٹ ورک کو کرال( رینگنا ) کا عنوان دیا گیا۔

لیئم کی ماں نے غیر ملکی میڈیا کو بتایاَ کہ میں نے فرش پر ایک کینوس پھیلایا اور اس پر پینٹ ڈال دیا، جس پر لیئم نے گھٹنوں کے بل چلنا شروع کر دیا اور آخر کار تمام رنگ کینوس پر پھیلا دیئے، بس یہی اس کا پہلا آرٹ ورک تھا جسے انہوں نے کرال( رینگنا ) کا عنوان دیا۔

گھٹنوں پر چلتے ہوئے اس ننھے بچے نے دنیا کے سب سے کم عمر آرٹسٹ ہونے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے، ایس ۔ لیم انکرہ  اگلے ماہ جولائی میں دو سال کے ہو جائیں گے۔

لیئم کی ماں شنٹیل کوکوا ایگھن جو خود بھی ایک آرٹسٹ ہیں اور گھانا کے دارالحکومت اکرا میں آرٹس اینڈ کاک ٹیلز سٹوڈیو کی فاؤنڈر ہیں، جہاں پینٹنگ سکھائی جاتی ہے ان کا اپنی گفتگو میں مزید کہنا تھا کہ یہ سب کچھ اتفاقاً ہوا ہے۔

25 سالہ ایگھن نے بتایا کہ اس کے بعد یہ سلسلہ چل پڑا، ننھے لیئم نے اپنی ننھی ننھی انگلیوں سے کینوس پر رنگوں سے کھیلنا شروع کیا جو آہستہ آہستہ فن کاری کے کچھ ایسے نمونوں کی تخلیق کا باعث بنا کہ ایگھن نے گزشتہ جون میں گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اسےسب سے کم عمر آرٹسٹ قرار دینے کے لیے درخواست دینے کا فیصلہ کیا۔

 گنیز ورلڈ ریکارڈ نے انہیں بتایا کہ ان کے بیٹے کو پچھلے ریکارڈ کو توڑنے کے لیے اپنی پینٹنگز کی نمائش کرکے پینٹنگز فروخت کرنی ہوں گی۔

خیال رہے ایگھن نے جنوری میں اکرا کے میوزیم آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اپنے بیٹے لیئم کی پینٹنگز کی پہلی نمائش کا اہتمام کیا، جہاں ان کی پیش کی گئی 10 میں سے نو پینٹنگز فروخت ہوئیں، ایگھن نے یہ بتانے سے انکار کر دیا کہ پینٹنگز کتنے میں فروخت ہوئیں۔