ممبئی: (ویب ڈیسک) ایک بھارتی شخص نے انتہائی قلیل وقت میں اپنی ناک سے انگریزی حروف ٹائپ کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 44 سالہ ونود کمار چودھری نے ماضی میں قائم کیا گیا اپنا ہی گینیز ورلڈ ریکارڈ اس وقت توڑ دیا جب انہوں نے اپنی ناک سے عام کی بورڈ کے ذریعے 25.66 سیکنڈ میں تمام انگریزی حروف ٹائپ کر ڈالے۔
ونود کمار نے پہلی بار 2023 میں ناک کی مدد سے کم ترین وقت میں حروف ٹائپ کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا، اس وقت انہوں نے یہ کارنامہ 27.8 سیکنڈز میں انجام دیا تھا، اب انہوں نے 25.66 سیکنڈز کے ساتھ اپنا پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
ریکارڈ قائم کرنے کے قوانین میں ضروری تھا کہ ونود انگریزی حروف کے تمام 26 حروف کو عام کی بورڈ پر اس طرح ٹائپ کریں کہ ہر حرف کے درمیان اسپیس ہو۔
ونود نے گینیز ورلڈ ریکارڈ کو بتایا کہ میرا پیشہ ہمیشہ سے ٹائپنگ رہا ہے، اسی لئے میں نے اس میں ریکارڈ قائم کرنے کا سوچا جس میں میرا شوق اور میری روزی روٹی دونوں شامل ہوں۔