اترپردیش: (ویب ڈیسک) چوری کی نیت سے گھر میں گھسنے والا شخص ڈرائنگ روم میں ’اے سی‘ چلا کر وہیں سوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر لکھنؤ میں پیش آیا، جہاں ایک گھر میں نشے میں دُھت چور 2 جون کو داخل ہوا، ڈرائنگ روم میں چور کی نظر اے سی پر پڑی، ملزم نے اے سی چلایا اور وہیں زمین پر لیٹ کر خواب خرگوش کے مزے لینے لگا۔
رپورٹ کے مطابق یہ گھر ایک ڈاکٹر سنیل پانڈے نامی شخص کا تھا جو اہلخانہ سمیت گھر میں موجود نہیں تھے، ملزم نے گھر خالی دیکھا تو دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوگیا۔
گھر میں داخل ہونے کے بعد جب اس نے ڈرائنگ روم میں اے سی دیکھا تو اسے چلا کر کُشن زمین پر رکھ کر وہیں سوگیا تاہم گھر کا دروازہ کھلا ہوا دیکھ کر پڑوسیوں نے ڈاکٹر سنیل کو فون کر کے مطلع کیا۔
بعدازاں ڈاکٹر سنیل نے پولیس کو فون کر کے ان کے گھر پہنچنے کا کہا کیونکہ وہ گھر سے کافی دور تھے، پھر پولیس نے ان کے گھر پہنچ کر چور کو اٹھایا اور حراست میں لے لیا۔
ملزم کی تصویر بھی وائرل ہے، جس میں وہ ہاتھ میں موبائل فون تھامے نیند پوری کر رہا تھا، ڈی سی پی نارتھ زون آر وجے شنکر کے مطابق ملزم گھر میں چوری کی نیت سے داخل ہوا تھا تاہم نیند پوری کرنے کیلئے لیٹ گیا۔