بھارت: نشے میں دھت دلہا نے دلہن کے بجائے اسکی دوست کو شادی کا ہار پہنا دیا

Published On 26 February,2025 09:33 am

اترپردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں نشے میں دھت دلہا نے دلہن کے بجائے اس کی سہیلی کو شادی کی مالا پہنا دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز 26 سالادلہا بارات لیکر اترپردیش پہنچا اس موقع پر اس نے دوستوں سے مل کر شراب پی رکھی تھی۔

بارات جب پنڈال میں پہنچی تو نشے میں دھت رویندر کمار نامی دلہا نے پہلے لڑکی کے گھر والوں سے بدتمیزی کی، اس کے بعد جب شادی کی تقریب شروع ہوئی تو دلہا نے دلہن کے بجائے اس کی سہیلی کو شادی کا ہار پہنا دیا۔

یہ دیکھ کر دلہن سیخ پا ہو گئی، دلہن نے دلہا کے منہ پر تھپڑ جڑ دیا اور شادی سے انکار کر کے پنڈال سے چلی گئی، اس معاملے کے بعد لڑکے اور لڑکی والوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی ، کرسیاں چل گئیں۔

بعدازاں واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں خاندانوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا اور بارات کو دلہن لیے بغیر خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔

دلہن کے والد نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے شادی سے قبل اڑھائی لاکھ روپے دلہا والوں کو دیئے تھے اور ہفتے کو یعنی بارات کے روز مزید 2 لاکھ روپے دینے تھے مگر شاید لڑکے والوں کو یہ رقم ناکا فی لگ رہی تھی۔