’بیوی خواب میں آ کر خون پیتی ہے‘ دفتر دیر سے پہنچنے پر کانسٹیبل کی انوکھی وضاحت

Published On 06 March,2025 08:57 am

اترپردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں کانسٹیبل نے دفتر دیر سے پہنچنے پر انوکھی وضاحت پیش کر دی۔

یہ بھارتی ریاست اتر پردیش کی پیرا ملٹری فورس پی اے سی کے ایک کانسٹیبل کی وضاحت ہے جو اس نے تاخیر سے دفتر پہنچنے پر ملنے والے نوٹس پر جاری کی۔

یہ نوٹس 44 ویں بٹالین پی اے سی کے کمانڈر کو لکھا گیا جس میں اس سے اپنے کام میں غفلت برتنے پر جواب طلب کیا گیا۔

کانسٹیبل سے پوچھا گیا کہ وہ پیشگی ہدایات کے باوجود گزشتہ روز صبح 9 بجے کی ڈیوٹی بریفنگ کیلئے دیر سے دفتر کیوں پہنچا؟ نوٹس میں اس بات کی بھی وضاحت طلب کی گئی کہ کانسٹیبل نے شیو کیوں نہیں کرائی اور غلط یونیفارم کیوں پہنا؟

نوٹس کے مطابق کانسٹیبل نہ صرف اجتماعی کاموں کی انجام دہی میں تاخیر کر رہے تھے بلکہ دلچسپی بھی نہیں لے رہے تھے، کانسٹیبل نے انتہائی لاپرواہی، بے ضابطگی اور من مانی کا مظاہرہ کیا جو کہ پی اے سی میں ناقابل قبول ہے۔

نوٹس میں ہدایت کی گئی کہ وہ ایک دن کے اندر تحریری وضاحت آفس میں جمع کرائیں، ایسا نہ کرنے پر ان کے خلاف مزید تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

کانسٹیبل نے اپنے جواب میں یہ غیر معمولی اور جذباتی وجہ لکھی، انہوں نے وضاحت کی کہ وہ 16 فروری 2025 کو ڈیوٹی کیلئے تاخیر سے پہنچے کیونکہ وہ ذاتی مسائل کی وجہ سے رات کو سو نہیں سکے۔

انہوں نے کہا کہ بیوی کے ساتھ شدید جھگڑا چل رہا ہے، وہ خواب میں آ کر نہ صرف مجھے قتل کرنے کی کوشش کرتی ہے بلکہ خون بھی پیتی ہے، جس کی وجہ سے پوری رات نہیں سوتا، یہی وجہ ہے کہ دفتر وقت پر نہیں آتا، میں ڈپریشن اور چڑچڑے پن کی دوا لے رہا ہوں۔

کانسٹیبل کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ اعصابی بیماری میں مبتلا ہیں جس نے ان کی پریشانی کو مزید بڑھا دیا ہے۔

دریں اثناء 44ویں بٹالین پی اے سی کے کمانڈنٹ ستیندر پٹیل نے کہا کہ وہ جواب کی تحقیقات کر رہے ہیں، یہ سٹاف ممبر کون ہے؟ اس کے مسائل کیا ہیں؟ پورے معاملے کی چھان بین کی جا رہی ہے۔