کرائے کے گھر سے پریشان برطانوی خاتون کا انوکھا فیصلہ

Published On 05 August,2025 09:03 am

نیو کیسل: (ویب ڈیسک) کرائے کے گھروں سے پریشان برطانوی خاتون نے وین میں مستقل رہائش کا فیصلہ کر لیا۔

مذکورہ متاثر کن کہانی نیو کیسل کی 27 سالہ نکول کیف کی ہے جو پیشے کے اعتبار سے فیشن فوٹو گرافر ہیں، انہوں نے کرائے کے گھروں کی طویل اذیت سے نجات حاصل کرنے کیلئے ایک منفرد فیصلہ کیا، اب ان کا ماہانہ خرچ صرف 650 برٹش پاؤنڈ ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ وہ اب تک 18 مختلف کرائے کے گھروں میں زندگی گزار چکی ہیں، ان کے بچپن کا زیادہ تر حصہ ایک مکان سے دوسرے مکان منتقل ہوتے ہوئے گزرا اور کچھ وجوہات کی بنا پر یہ سلسلہ جوانی میں بھی قائم رہا۔

سال 2023 میں ان کو اس بات کا یقین ہوگیا تھا کہ اب وہ اپنا گھر کبھی نہیں خرید پائیں گی، اسی دوران ان کی کار ایک حادثے میں مکمل تباہ ہوگئی۔

اس واقعے کے بعد ان کی زندگی اور سوچ کا رخ تبدیل ہوگیا، کار کے متبادل کے طور پر نکول نے 8 ہزار 500 برٹش پاؤنڈ میں ایک فورڈ ٹرانزٹ وین خریدی اور اسی کو اپنا نیا گھر بنا لیا، اب وہ اپنے پالتو کتے ’’مکارٹنی‘‘ کے ساتھ زندگی سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔

بطور فری لانس فوٹوگرافر کام کرنے والی نکول ڈیزرٹ کے ایک کیمپ سائٹ پر ملازمت بھی کرتی ہیں اس دوران وہ اپنی وین آفس کے پاس ہی کھڑی کرتی ہیں اور چھٹی کے ایام میں اپنے پالتو کتے کے ساتھ گھومنے پھرنے نکل جاتی ہیں، وہ اپنے کتے کے ساتھ سکاٹ لینڈ سے نارتھ ویلز تک ملک کی سیر کرچکی ہیں۔