لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کی ایک فضائی کمپنی نے اپنے ایک کپتان کو مبینہ طور پر ایک لگژری ہوٹل میں نشے میں دھت ہو کر برہنہ گھومنے پر معطل کر دیا ہے۔
برطانوی اخبار دی سن میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق پائلٹ کو صبح سویرے کیپ وردے کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں شراب نوشی کے بعد بغیر کپڑوں کے گھومتے ہوئے دیکھا گیا تھا، پائلٹ کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
پائلٹ کو کچھ گھنٹوں بعد گیٹ وِک کے لیے واپسی کی پرواز اڑانی تھی تاہم ایئر لائن کو اس بارے میں شکایات موصول ہونے اور متبادل پائلٹ ملنے کے بعد نشے میں دھت ہوا باز کو گراؤنڈ کر دیا گیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو فضائی کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ پائلٹ کو اب تحقیقات کا سامنا کرنا پڑے گا، کمپنی کی سب سے بڑی ترجیح مسافروں اور عملے کی حفاظت ہے۔
برطانوی اخبار دی سن کی خبر کے مطابق کپتان نے میلیا ڈوناس بیچ پہنچ کر شراب نوشی شروع کر دی تھی، مقامی وقت کے مطابق تقریباً رات کے ڈھائی بجے ہوٹل میں رکے ہوئے مہمانوں نے مبینہ طور پر پائلٹ کو کپڑے اتار کر برہنہ حالت میں استقبالیہ میں گھومتے ہوئے دیکھا تھا۔