’پرل‘ نے دنیا کی عمر رسیدہ زندہ مرغی کا اعزاز اپنے نام کر لیا

Published On 13 August,2025 08:52 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) دنیا کیلئے یہ محض ایک پرندہ ہو سکتی ہے لیکن سونیا ہل کیلئے ’پرل‘ ایک محبوب ساتھی ہے، اب یہی پرل عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے کیونکہ اسے گنیز ورلڈ ریکارڈز نے دنیا کی زندہ سب سے زیادہ عمر والی مرغی قرار دے دیا ہے۔

صرف 14 سال اور 69 دن کی عمر میں پرل نے یہ اعزاز حاصل کر لیا ہے، سونیا ہل نے پرل کو 13 مارچ 2011 کو اپنے ذاتی انکیوبیٹر میں انڈے سے نکالا تھا۔

اس نسل کی مرغیاں جنہیں ایسٹر ایگر کہا جاتا ہے، عموماً 5 سے 8 سال جیتی ہیں لیکن پرل نے سب اندازے غلط ثابت کر دیئے۔

اب عمر کے باعث پرل کی چال محدود ہوگئی ہے، وہ زیادہ تر گھر کے لانڈری روم میں آرام کرتی ہے لیکن جب ٹی وی کی آواز آتی ہے تو وہ لیونگ روم کا رخ کرتی ہے جیسے اپنی پسندیدہ فلم دیکھنے آ رہی ہو، سونیا کہتی ہیں کہ جب وہ ٹی وی کی آواز سنتی ہے تو فوراً متوجہ ہو جاتی ہے۔

پرل گھر کے دیگر پالتو جانوروں جن میں ایک عمر رسیدہ بلی اور اس کے نو عمر بچے کے ساتھ بہت گھل مل چکی ہے، اپنی مرغی کی جانب پیار سے دیکھتے ہوئے خوشی سے بولیں ’بلی کا بچہ بسا اوقات پرل کے ساتھ آ کر بیٹھ جاتا ہے لیکن وہ اسے کچھ نہیں کہتی‘۔

اگرچہ پرل کی انڈے دینے کی رفتار کم ہو چکی ہے لیکن جیسے ہی اسے گنیز کی جانب سے ریکارڈ ہولڈر تسلیم کیا گیا اس نے خوشی میں ایک انڈا دیدیا۔

یاد رہے کہ پرل سے پہلے یہ اعزاز ریاست الی نوائے کی مرغی ’پِینَٹ‘ کے پاس تھا جو 21 سال 238 دن کی عمر میں دسمبر 2023 میں دار فانی سے کوچ کرگئی تھی۔

پرل کی کہانی نہ صرف ایک مرغی کی عمر کا حیران کن ریکارڈ ہے بلکہ یہ اس محبت اور توجہ کی بھی تصویر ہے جو انسان اور اس کے پالتو ساتھی کے درمیان پروان چڑھتی ہے۔