فرانس میں جیلی فش نے نیوکلیئر پاور پلانٹ بند کر دیا

Published On 12 August,2025 11:41 am

پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس کے شمالی علاقے میں واقع گرولین نیوکلیئر پاور پلانٹ کے 4 ری ایکٹرز جیلی فش کے ایک بڑے اور غیر متوقع ہجوم کے باعث بند کر دیے گئے۔

گرولین پاور پلانٹ کے آپریٹر ای ڈی ایف کے مطابق کولنگ سسٹم کے فلٹر ڈرمز میں جیلی فش بھر جانے سے ری ایکٹرز خودکار نظام کے تحت بند ہو گئے۔

اس پلانٹ کا شمار فرانس کے سب سے بڑے جوہری پلانٹس میں ہوتا ہے، اس پلانٹ کے 6 یونٹس مجموعی طور پر 5.4 گیگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

جیل فش کے سبب ری ایکٹرز 2، 3 اور 4 خودکار طور پر بند ہوئے جبکہ چند گھنٹوں بعد ری ایکٹر 6 بھی بند کر دیا گیا، پلانٹ کے باقی 2 یونٹس پہلے سے ہی مرمت کے لیے بند تھے، جس کے باعث پورے پلانٹ کی پیداوار عارضی طور پر معطل ہوگئی۔

ای ڈی ایف کے مطابق فلٹر پمپ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، صرف صفائی کی ضرورت ہے، جس کے بعد ری ایکٹرز جلد دوبارہ چلنے کی توقع ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس واقعہ سے پلانٹ، عملے یا ماحول کی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں ہوا۔