اتر پردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں علاقہ مکینوں نے گوگل میپس کی ٹیم کو چور سمجھ کر دھلائی کر دی۔
انڈین میڈیا کے مطابق بھارت کی ریاست اترپردیش کے شہر کانپور کے رہائشیوں نے چور سمجھ کر گوگل میپس کی سروے ٹیم کو گھیرا اور حملہ کیا، واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ٹیم رات کو گاڑی پر کیمرہ لگا کر گلیوں میں گھوم رہی تھی۔
رہائشیوں کے مطابق علاقے میں حالیہ ہفتوں کے دوران چوری کی کئی وارداتیں ہو چکی ہیں، چور گاڑیوں میں سوار ہو کر آتے ہیں۔
ٹیم نے مقامی پولیس اور علاقہ مکینوں کو اس بارے میں پیشگی اطلاع نہیں دی تھی، گاڑی کی چھٹ پر کیمرہ لگا دیکھ کر لوگوں کو شک ہوا کہ یہ ممکنہ چوری کیلئے علاقے کی تلاش کر رہی ہے اور گاڑی کو روک دیا۔
گوگل میپس ٹیم کے سربراہ سندیپ نے بتایا کہ یہ واقعہ ایک غلط فہمی کی وجہ سے ہوا، ٹیم مرکزی اور ریاستی حکام کی طرف سے جاری کردہ اجازت ناموں کے ساتھ کام کر رہی ہے، علاقہ مکینوں نے ہمیں یہ سوچ کر گھیر لیا کہ ہم چور ہیں، اگر وہ ہمارے دستاویزات کو چیک کرتے تو وہ ہمارا مقصد سمجھ جاتے۔
پولیس افسر کرشن کانت یادو نے تصدیق کی کہ ٹیم نے سروے کرنے سے پہلے مقامی حکام کو مطلع نہیں کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیم کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دیہی علاقوں میں اس طرح کے سروے کرتے وقت مقامی پولیس یا گاؤں کے سربراہ کو پیشگی اطلاع دیں۔