پہلی بیوی کے چھوڑ کر جانے پر شوہر ہیلی کاپٹر میں دوسری دلہن بیاہ لایا

Published On 05 October,2025 09:15 am

ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) بنگلادیش میں ایک شخص پہلی بیوی کے چھوڑ کر جانے کے بعد دوسری شادی کر کے اپنی دلہن کو ہیلی کاپٹر میں گھر لے آیا۔

بنگلادیشی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ٹونگی باری اپازلا کے کٹھاڑیہ گاؤں میں پیش آیا، جہاں 39 سالہ کامِل حسین، جو پیشے کے لحاظ سے اسٹیٹ ایجنٹ اور دو بیٹیوں کا باپ ہے، اس کی پہلی شادی کو 10 برس گزر چکے تھے، مگر اگست 2025 میں اس کی پہلی بیوی زیورات اور بھاری رقم ساتھ لے کر اپنے آشنا کے ساتھ فرار ہوگئی۔

جس کے بعد کامل نے اپنی دیرینہ دوست اور پڑوسن 24 سالہ نُوپور اختر سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا اور اپنی نئی دلہن کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے گھر لانے کا بندوبست کیا۔

ہیلی کاپٹر کی آمد نے پورے گاؤں کو حیران اور خوش کر دیا اور یہ منظر مقامی کمیونٹی کیلئے ایک تماشا بن گیا۔

کامِل حسین کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ خواب دیکھتے تھے کہ اپنی دلہن کو ہیلی کاپٹر میں گھر لائیں اور پچھلے دکھوں کے باوجود وہ یہ خواب نُوپور کے ساتھ پورا کرنا چاہتا تھا۔

اسں نے محبت اور حمایت پر اپنی نئی بیوی کا شکریہ ادا کیا، جس نے انہیں پہلی شادی کے صدمے سے نکلنے میں مدد دی۔