استنبول: (ویب ڈیسک) ترک عدالت نے شہری کو بیوی کا نام ’موٹی‘ رکھنے پر قصوروار ٹھہراتے ہوئے اسے سابقہ بیوی کو مالی ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
عام مشاہدے کی بات ہے کہ میاں بیوی اکثر ایک دوسرے کیلئے محبت بھرے اور خوبصورت سے نام رکھتے ہیں جو ان کے پر خلوص رشتے کو مزید خالص بنا دیتے ہیں، تاہم بعض اوقات جانے انجانے میں انسان اپنے ساتھی کا کوئی ایسا نام بھی رکھ دیتا ہے جس سے بات طلاق پر ہی آ کر ختم ہوتی ہے۔
بالکل ایسا ہی واقعہ ترکیہ کے ایک جوڑے کے ساتھ پیش آیا ہے جن کی طلاق کی وجہ شوہر کا اپنی بیوی کا نام اپنے فون ڈائریکٹری میں قابل اعتراض انداز سے محفوظ کرنا تھا، ترک شہری نے اپنی بیوی کا نمبر اپنے فون کانٹیکٹ لسٹ میں ’موٹی‘ کے نام سے محفوظ کر رکھا تھا۔
ترک میڈیا کے مطابق اسک نامی شہر میں یہ مقدمہ عدالت میں پیش ہوا اور عدالت نے شوہر کو اس بات کا قصوروار ٹھہراتے ہوئے اسے سابقہ بیوی کو مالی ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا، متاثرہ خاتون نے دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر کی جانب سے رکھا جانے والا عرفی نام نہ صرف تضحیک آمیز تھا بلکہ اس سے ان کے ازدواجی تعلقات بھی متاثر ہوئے ہیں۔
عدالتی کارروائی کے بعد ترک عدالت نے فیصلہ دیا کہ شوہر کی جانب سے بیوی کا نام فون میں موٹی کے طور پر محفوظ کرنا توہین آمیز ہے اور خاتون کو اس پر ہرجانہ ملنا چاہیے۔



