ڈیجیٹل ادائیگی میں مسئلہ، نوجوان کو 2 سموسے مہنگے پڑ گئے

Published On 22 October,2025 09:30 am

جبل پور: (ویب ڈیسک) سموسہ صرف ہمارے خطہ میں نہیں بلکہ دنیا بھر میں مختلف اشکال میں مقبول ترین کھانا ہے۔ ہمارے خطے میں تو مہمان کی تواضع ہو یا شام کی چائے یا پھر برسات، یہ سب سموسے کے ذائقہ کے بغیر ادھورے ہیں۔

سموسہ جوکہ عموماً 20 یا 30 روپے میں ملتا ہے، لیکن ایک نوجوان نے 2 سموسے کھا کر اس کی قیمت اپنے ہاتھ میں پہنی قیمتی سمارٹ واچ دے کر ادا کی۔

اپنی نوعیت کا یہ منفرد واقعہ بھارت میں پیش آیا جس میں جبل پور ریلوے سٹیشن پر ٹرین کے مسافر نوجوان نے سموسے کھائے اور ڈیجیٹل ادائیگی نہ ہونے پر اسے چند سموسوں کی قیمت کے طور پر اپنے ہاتھ میں پہنی قیمتی سمارٹ واچ دے کر ادا کرنا پڑی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جبل پور ریلوے سٹیشن پر ٹرین رکی تو نوجوان نے اتر کر سموسے خریدے اور پیٹ پوجا کی، تاہم جب سموسوں کی قیمت ڈیجیٹل ادائیگی کے ذریعہ کرنے کی کوشش کی تو سسٹم کی خرابی کے باعث ادائیگی نہ ہو سکی۔

اس موقع پر ٹرین نے بھی وسل دی تو سموسہ فروش نے نوجوان کا گریبان پکڑ لیا اور اس پر تشدد بھی کیا جس کے بعد مسافر نوجوان نے اپنے ہاتھ میں پہنی قیمتی سمارٹ گھڑی دے کر اپنی جان چھڑائی اور چلتی ٹرین کو بھاگتے ہوئے پکڑا جبکہ سموسہ فروش نے اس کو مزید 2 سموسے بھی دے دیئے۔

یوں نوجوان کو چند سموسے قیمتی سمارٹ واچ کے پڑے، مذکورہ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہوئی، جس پر نہ صرف صارفین سموسہ فروش کے رویے کی مذمت کر رہے ہیں بلکہ ریلوے عملہ بھی حرکت میں آ گیا ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ سموسہ فروش کی شناخت ہوگئی ہے اور اس کو حراست میں لینے کے ساتھ پلیٹ فارم پر سامان بیچنے کا لائسنس بھی منسوخ کر دیا ہے۔