چور 7 منٹ میں دنیا کے مشہور ترین لوور میوزیم سے قیمتی زیورات لے اڑے

Published On 19 October,2025 07:19 pm

پیرس: (ویب ڈیسک) چوروں نے دنیا کے مشہور ترین میوزیم سے چند منٹوں کے اندر انمول زیورات کو چرا لیا اور کامیابی سے فرار ہوگئے۔

فرانس کے وزیر داخلہ نے ایک ریڈیو انٹرویو کے دوران بتایا کہ چوروں نے پیرس کے لوور میوزیم میں 7 منٹ کے اندر قیمتی زیورات کو چوری کیا،  ایک بڑی ڈکیتی لوور میوزیم کے اپولو روم میں 19 اکتوبر کی صبح ہوئی، چند افراد باہر سے ایک ایلیویٹر استعمال کرکے میوزیم میں داخل ہوئے ۔

فرانسیسی وزیر داخلہ کے مطابق چوروں نے ایک کھڑکی کو کاٹ کر زیورات کو چرالیا جن کی مالیت انمول ہے، ان کے مطابق یہ واردات 3 سے 4 افراد نے کی۔

فرانسیسی وزیر ثقافت Rachida Dati کے مطابق اپولو روم میں فرانسیسی شاہی زیورات اور دیگر نایاب نوادرات موجود ہیں، زیور کا ایک ٹکڑا میوزیم کے قریب سے ملا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چوری کی گئی اشیا کی تفصیلی فہرست مرتب کی جا رہی ہے، جن کی ثقافتی اور تاریخی قدر کا تعین نہیں کیا جاسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ واضح ہے کہ ایک ٹیم نے اس جگہ کی مانیٹرنگ کی اور یہ بھی واضح ہے کہ یہ بہت ماہر ٹیم تھی جس نے ہر کام برق رفتاری سے مکمل کیا، انہوں نے بتایا کہ میں پراعتماد ہوں کہ ہم بہت جلد ملزمان کو تلاش کرلیں گے اور تمام سامان کو بازیاب کرالیں گے۔

فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے پیش آیا اور میوزیم کو وہاں موجود افراد سے خالی کرالیا گیا، پیرس کا یہ میوزیم دنیا کے مشہور ترین آرٹ ورکس بشمول مونا لیزا پینٹنگ کا گھر ہے اور اسے 19 اکتوبر کو بند رکھا جائے گا۔