83 سال ساتھ نبھانے والا میامی جوڑا گنیز بک میں شامل

Published On 10 November,2025 09:16 am

میامی: (ویب ڈیسک) میامی سے تعلق رکھنے والے بزرگ جوڑے کو عالمی سطح پر دنیا کی سب سے طویل شادی شدہ جوڑی تسلیم کر لیا گیا ہے۔

دونوں کی مشترکہ عمر 215 سال سے زائد ہے اور ان کی شادی کو 83 سال مکمل ہو چکے ہیں۔

امریکی شہر میامی سے تعلق رکھنے والے اس جوڑے 108 سالہ لائل گِٹنز اور 107 سالہ ایلینر گِٹنز کو گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے دنیا کے سب سے عمر رسیدہ شادی شدہ جوڑے کا اعزاز ملا ہے، ان دونوں نے مجموعی عمر کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ہے۔

دی گارجین کے مطابق تحقیقاتی ویب سائٹ ’لانگیوی کویسٹ‘ (LongeviQuest) نے ان کی شادی کا سرٹیفکیٹ، مردم شماری کے ریکارڈ اور پرانے سرکاری دستاویزات کی مدد سے تصدیق کی کہ جوڑے کی شادی کو 83 سال مکمل ہو چکے ہیں۔

یہ جوڑا 4 جون 1942 کو شادی کے بندھن میں بندھا، ان کے تین بچے ہیں، ایک بیٹا اور دو بیٹیاں، جن میں سب سے بڑی بیٹی ان دنوں میں پیدا ہوئی جب لائل دوسری جنگ عظیم میں فوجی خدمات انجام دے رہے تھے۔

یہ اعزاز اُنہیں برازیل کے مانویل اینجلم ڈینو اور اُنکی اہلیہ ماریا ڈی سوسا ڈینو کے انتقال کے بعد ملا، جن کی شادی کو 85 سال ہو چکے تھے۔