مظفر نگر: (ویب ڈیسک) بھارت میں پولیس حکام نے ایک شہری کو ہیلمٹ نہ پہننے کے جرم میں حیران کن طور پر ایک ساتھ 20 لاکھ روپے سے زائد کا چالان بھیج دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ عجیب و غریب واقعہ ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں پیش آیا جہاں انمول سنگھل نامی انڈین شہری نے جب ای چالان دیکھا تو اس نے سر پکڑ لیا، کیونکہ اس کی موٹر سائیکل کی قیمت صرف 1 لاکھ روپے تھی جبکہ چالان 20 لاکھ 74 ہزار بھارتی روپوں کا جاری کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق انمول سنگھل نے ہیلمٹ نہیں پہنا تھا اور موٹرسائیکل کی ضروری دستاویزات بھی موجود نہیں تھیں جس پر کارروائی کی گئی، پولیس نے موٹر سائیکل ضبط کر لی، تاہم اسی بیچ چالان میں غلطی سے 20 لاکھ 74 ہزار روپے درج ہو گئے۔
چالان کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس حکام نے وضاحت دی کہ یہ غلطی سب انسپکٹر کی جانب سے ہوئی جس نے موٹر وہیکلز ایکٹ کی سیکشن 207 کا ذکر غلط انداز میں درج کیا، انسپکٹر کی غلطی کے باعث 207 اور 4000 کو ملا کر رقم 20,74,000 بن گئی۔
پولیس نے بعد ازاں وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہری کو صرف 4,000 بھارتی روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا جبکہ متعلقہ اہلکار کو سخت تنبیہ کی گئی ہے۔



