چہروں میں غیر معمولی مشابہت، چینی جوڑے کو لوگ جڑواں بہن بھائی سمجھنے لگے

Published On 08 November,2025 02:47 am

گوانگ ڈونگ: (ویب ڈیسک) چین کے شہر ڈونگ گوان میں رہنے والا ایک نوجوان جوڑا چہروں میں غیرمعمولی مشابہت کے باعث سوشل میڈیا پر موضوع بحث ہے جہاں لوگ انہیں بچپن میں بچھڑے ہوئے جڑواں بہن بھائی قرار دے رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نوجوان جوڑے لیانگ کائیو اور ہی ژیان شینگ کی عمریں لگ بھگ 20، 20 سال ہیں، یہ جوڑا جڑی بوٹیوں کی دواؤں کی دکان چلاتا ہے، ان کا کارروبار مشکلات کا شکار تھا تاہم انہوں نے ٹک ٹاک پر پروموشنل کلپس بنا کر لگانا شروع کیے تو قسمت ان پر مہربان ہو گئی۔

جب خاتون لیانگ کو محسوس ہوا کہ ان کی شکل شوہر سے ملتی ہے تو انہوں نے اپنے شوہر کو قریبی مماثلت پر زور دینے کیلئے ایک جیسے لباس پہن کر مزاحیہ کلپس میں حصہ لینے پر آمادہ کیا، آج یہی کلپس ان کی دکان کا اہم تشہیری مواد ہیں۔

خاتون نے بتایا کہ جب ہم پہلی بار ملے تھے تو مجھے بالکل نہیں لگا تھا کہ ہم ایک جیسے دکھائی دیتے ہیں، کئی سال ایک ساتھ رہنے کے بعد مجھے آہستہ آہستہ احساس ہوا کہ ہم ایک دوسرے سے بہت زیادہ ملتے جلتے ہیں، پچھلے 2 سال سے ہم تقریباً 24 گھنٹے ایک ساتھ ہیں، اکٹھے کام کرتے ہیں، کھاتے ہیں اور آرام کرتے ہیں، میرے خیال میں یہی وجہ ہے کہ ہم تیزی سے ایک جیسے ہوتے جا رہے ہیں۔

چینی سوشل میڈیا پر اس جوڑے کی تصاویر اور ویڈیوز کے چرچے ہیں جہاں لوگ حیران ہیں کہ آیا یہ واقعی میاں بیوی ہیں یا کوئی بچپن میں بچھڑ جانے والے جڑواں بہن بھائی، ایک صارف نے تو ان کی ویڈیوز پر تبصرے میں انہیں ڈی این اے کروانے کا مشورہ تک دے ڈالا اور لکھا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ آپ واقعی کھوئے ہوئے بہن بھائی نکلیں۔

ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ یہ صرف مشابہ نہیں ہیں بلکہ بالکل ایک جیسے ہیں، حتیٰ کہ ان کی ڈبل چِن کی لکیریں بھی آپس میں ملتی ہیں، انٹرنیٹ صارفین کے مطابق یہ سب سے زیادہ ہم شکل جوڑا ناصرف محبت بلکہ حیرت کی ایک نئی مثال بن چکا ہے۔