لندن: (ویب ڈیسک) یورپ میں ٹیکنالوجی کے ایک شوقین شخص نے ایک ہزار سے زائد پرانی لیپ ٹاپ بیٹریوں کو جوڑ کر ایسا پاور سسٹم بنایا جو گزشتہ 8 سال سے اس کے پورے گھر کو بجلی فراہم کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گلوبوکس نامی یہ ڈی آئی وائی ماہر شروع میں تقریباً 650 لیپ ٹاپ بیٹریاں جمع کرتا رہا، بعدازاں تعداد بڑھتے بڑھتے 1000 سے بھی زیادہ ہوگئی، تمام بیٹریوں کو اس نے گھر سے کچھ فاصلے پر بنائے گئے خصوصی سٹوریج یونٹ میں ترتیب سے نصب کیا۔
ابتدائی مسائل میں بیٹری سیلز کی غیر متوازن کارکردگی کے باعث کچھ سیلز جلد خالی ہو جاتے تھے، تاہم اس نے تمام بیٹری پیک کھول کر سیلز الگ کئے اور نئے سرے سے ایک مضبوط ریک سسٹم تیار کیا۔
رپورٹ کے مطابق 8 سال میں ایک بھی بیٹری سیل ناکام نہیں ہوا اور شخص نے ساتھ ہی اپنے سولر سسٹم کو بھی اپ گریڈ کیا، جو اب 7 kWh سے بڑھ کر 56 kWh تک بجلی پیدا کر رہا ہے۔
ماہرین اس نظام کو الیکٹرانک فضلے میں کمی اور توانائی کے متبادل ذرائع کی بہترین مثال قرار دے رہے ہیں۔



