پیرس: (ویب ڈیسک)ایک سروے کے مطابق بہت بڑی تعداد میں لوگ مکمل طور پر مصنوعی ذہانت کی مدد سے بنائی گئی موسیقی اور انسانوں کی تیار کردہ موسیقی میں فرق نہیں کر پائے۔
بین الاقوامی سطح پر مشہور میوزک پلیٹ فارم ڈیزر اور ریسرچ کمپنی اپسوس نے آٹھ ملکوں کے 9 ہزار افراد پر سروے کیا کہ آیا وہ مکمل طور پر مصنوعی ذہانت سے بنائے گئے ٹریکس کو پہچان سکتے ہیں یا نہیں؟
ٹیسٹ میں شرکا کو دو اے آئی گانے اور ایک اصل انسانی گانا سنایا گیا اور 97 فی صد لوگ انسانی گانے کو پہچاننے میں ناکام رہے۔
سروے میں شامل زیادہ تر افراد نے کہا کہ انہیں برا لگتا ہے کہ وہ انسان اور اے آئی کی بنائی ہوئی موسیقی میں فرق نہیں کر پاتے، اے آئی سے بننے والی موسیقی کو ایپل میوزک، ڈیزر اور سپاٹی فائی جیسے پلیٹ فارمز پر واضح طور پر لیبل کرنے کے لیے لوگوں کی مضبوط حمایت موجود ہے۔
ڈیزر کے سی ای او الیکسِس لانترنئیر نے کہا کہ مکمل طور پر اے آئی سے بننے والی موسیقی سٹریمنگ سروسز پر سیلاب کی طرح آ رہی ہے، حالاں کہ پلیٹ فارمز اور سننے والوں، دونوں کا اس پر ردعمل موجود ہے۔
سروے کے نتائج واضح طور پر بتاتے ہیں کہ لوگ موسیقی کے بارے میں فکر مند ہیں اور جاننا چاہتے ہیں کہ وہ جو سن رہے ہیں وہ اے آئی نے بنایا یا انسانوں نے؟ اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ اس بات پر تشویش موجود ہے کہ اے آئی سے بننے والی موسیقی فنکاروں کے روزگار، موسیقی کی تخلیق اور اس بات پر کیسے اثر انداز ہو گی کہ اے آئی کمپنیاں اپنے ماڈلز کو کاپی رائٹ شدہ مواد پر ٹرین کرنے کی اجازت پائیں یا نہیں۔
ڈیزر نے بتایا کہ ہر روز 50000 سے زیادہ اے آئی سے تیار کردہ ٹریکس اس کی سروس پر اپ لوڈ ہو رہے ہیں، جو نئی موسیقی کا تقریباً ایک تہائی بنتے ہیں، ان اے آئی ٹریکس میں سے 70 فی صد تک مشکوک یا جعلی نوعیت کے لگتے ہیں، جن کا بنیادی مقصد صرف سُننے پر ملنے والی آمدن اکٹھا کرنا ہوتا ہے۔
بین الاقوامی سطح پر جانے مانے سٹریمنگ پلیٹ فارم نے کہا کہ اس کا اے آئی ڈیٹیکشن ٹول مکمل طور پر مصنوعی ذہانت سے بنے ہوئے گانوں کو پکڑ سکتا ہے، ایسے ٹریکس کو پھر خودکار طور پر الگورتھم کی سفارشات سے ہٹا دیا جاتا ہے، یہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پہلا قدم ہے کہ ایسے ٹریکس رائلٹی کے مجموعی حصے کو کسی نمایاں حد تک کم نہ کر سکیں۔
واضح رہے کہ قبل ازیں رواں ہفتے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ کنٹری میوزک کا ایک گانا پہلی بار امریکا میں بل بورڈ کے ایک چارٹ پر سرفہرست آیا، میوزک بینڈ بریکنگ رسٹ کا گانا واک مائی واک سپاٹی فائی پر تین کروڑ سے زیادہ بار سنا جا چکا ہے۔



