شادی کرنے والوں کے لئے نقد انعام کا اعلان

Published On 18 November,2025 09:22 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) شادی ایک نئی زندگی کا آغاز ہوتا ہے، مگر کچھ ممالک میں نوجوان بڑھتی مہنگائی اور ذمہ داریوں کی وجہ سے اس سے کتراتے ہیں۔

نوجوان جوڑوں کے شادی نہ کرنے کے باعث چند سال قبل تک ایک فیملی اور ایک بچے کی پالیسی پر عمل کرنے والے ملک چین میں اب حکومت ایک سے زائد بچے پیدا کرنے والے شادی شدہ جوڑوں کیلئے مراعات کا اعلان کر رہی ہے۔

چین کے مشرقی شہر ننگبو میں حکومت نے نوجوان جوڑوں کو شادی پر راغب کرنے کے لئے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق وہ جوڑے جو رواں ماہ نومبر سے 31 دسمبر کے درمیان اپنی شادی رجسٹر کروائیں گے، انہیں حکومت کی جانب سے شادی کے اخراجات کیلئے نقد واؤچر دیئے جائیں گے۔

ننگبو کے محکمہ شہری امور نے اکتوبر کے آخر میں اپنے باضابطہ وی چیٹ پر کہا کہ نوبیاہتا افراد شادی کے اخراجات کے لئے آٹھ واؤچر حاصل کر سکتے ہیں جن کی کل مالیت 1,000 یوآن (تقریباً 40 ہزار پاکستانی روپے) ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ واؤچرز کو شادی کی فوٹو گرافی، تقریبات اور جشن، ہوٹل کی رہائش، خوردہ خریداری اور شادی سے متعلق دیگر معاملات سمیت مختلف امور پر خرچ کیا جا سکتا ہے۔

اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ واؤچرز محدود تعداد میں ہیں اور پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر تقسیم کئے جائیں گے۔