کیمبرج: (ویب ڈیسک) کانسی کے دور کی درختوں کے تنے سے بنی تین کشتیاں جلد عوامی نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔
یہ کشتیاں تین ہزار سال سے زائد عرصے تک کیچر سے بھری دریا کی تہہ میں محفوظ رہیں، باریک بینی سے کیے گئے 13 سالہ تحفظاتی منصوبے کے بعد اب عوامی نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی، مسٹ فارم سے ملنے والی ان کشتیوں میں سے تین کو اب پیٹربورو کے قریب فلیگ فین آرکیالوجی پارک میں نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔
کانسی اور فولاد کے دور سے تعلق رکھنے والی لکڑی کی نو کشتیاں 2011 میں کیمبرج شائر میں وٹلیسی کے قریب دریافت کی گئی تھیں، اس کے بعد سے انہیں احتیاط کے ساتھ درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے والے ماحول میں محفوظ کیا گیا ہے، جس کے لیے مخصوص موم اور پانی کا محلول استعمال کیا گیا ہے۔
فلیگ فین آرکیالوجی پارک کی جنرل منیجر جیکولین مونی نے کہا کہ مسٹ فارم کی کشتیاں تین ہزار سال سے زائد عرصے تک بغیر چھیڑے پڑی رہیں، زمانے کی دلدلی خاموشی میں محفوظ۔ اب ہماری نئی نمائش کے ذریعے وہ اپنی کہانی سنانے کے لیے سامنے آ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف آثار قدیمہ کی نمائش نہیں، بلکہ ان لوگوں کے ساتھ ایک طاقت ور نئے ربط کا ذریعہ ہے جو کبھی اس زمین پر رہے، کام کیا کرتے تھے اور اسی منظرنامے سے سفر کیا کرتے تھے۔
2011 اور 2012 میں درختوں کے تنے سے بنی ان کشتیوں کی کھدائی کے لیے مالی معاونت زمین کے مالک فورٹیرا نے فراہم کی، جو تعمیراتی مصنوعات بنانے والی ایک کمپنی ہے، تاکہ کان کنی شروع ہونے سے پہلے یہ کام مکمل ہو جائے۔
کیمبرج آرکیالوجیکل یونٹ میں آثار قدیمہ کی محقق آئونا رابن سن کا کہنا ہے کہ مسٹ فارم کی درختوں کے تنے سے بنی کشتیاں ایک غیر معمولی دریافت ہیں، وہ ظاہر کرتی ہیں کہ یہ سادہ لیکن نہایت مؤثر کشتیاں تقریباً ایک ہزار سال تک دلدلی دریا میں آمدورفت کے لیے استعمال ہوتی رہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم ان کی مختلف ساختوں میں دیکھ سکتے ہیں کہ درختوں کی مختلف اقسام اور جسامتوں کی خصوصیات کو کیسے استعمال کر کے چھوٹی، پھرتیلی ڈونگی نما کشتیوں سے لے کر طویل اور پائیدار چپٹنے پیندے والی کشتیاں بنائی گئیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ درختوں کے تنے سے بنی نمائش کے لیے منتخب کشتیوں میں ایک 6.3 میٹر لمبی وسطی کانسی کے دور کی بلوط کی لکڑی سے بنی کشتی شامل ہے جس کے اندرونی حصے میں جگہ جگہ جلنے کے نشان ہیں، 2.2 میٹر لمبا کانسی کے وسطی دور کی بلوط سے بنی کشتی کا ایک ٹکڑا جس کی ساخت کے اندر نہایت باریک بینی سے کی گئی مرمت دکھائی دیتی ہے، اور 0.8 میٹر لمبا ابتدائی کانسی کے دور کی فیلڈ میپل کی لکڑی سے بنی کشتی کا ایک ٹکڑا منتخب کیا گیا۔



