سری نگر(دنیا نیوز)بھارتی فوج کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں،20 نہتے کشمیری نوجوانوں کی شھادت کے خلاف ہڑتال کی کال کے بعد پوری وادی میں تمام کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند ہیں ،حریت قیادت سید علی گیلانی ، یسین ملک اور اشرف صحرائی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اتوار کو بھارتی قابض فوج نے درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا، آپریشن کے خلاف احتجاج کرنے والے نہتے مظاہرین پر بد ترین تشدد کرتے ہوئے 300 سے زائد لوگوں کو زخمی کر دیا تھا جن میں سے 3 نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
مزید مظاہروں کےخوف سے بھارتی فوج نے حریت قیادت سید علی گیلانی، یسین ملک ، اشرف صحرائی کو گرفتار اور میر واعظ عمر فاروق کو گھر میں نظر بند کر رکھا ہے، دوسری جانب بھارتی فوج نے شوپیاں میں اسرائیلی کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال بھی کیا ہے ، سوشل میڈیا پر وائرل تصویر میں بھارتی فوجی یہ ہتھیار لے جاتا دکھائی دیتا ہے۔