صحت کا راز؟ روزانہ دوکلو گالیاں کھاتا ہوں

Last Updated On 22 April,2018 05:40 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) بھارتی وزیراعظم نے دورہ لندن میں بھارتی باشندوں سے خطا ب کیا تقریب میں ایک نو جوان نے ان سے پوچھا کہ دن میں بیس بیس گھنٹے کام کرنا معمولی بات نہیں ہمیں بتایا جائے کہ آپ میں اتنی طاقت آتی کہاں سے ہے اورآپ کبھی تھکے نظر نہیں آتے ، آخر اس صحت کا راز کیا ہے تو نریندر مودی نے ازراہ تفنن کہاکہ ا س کے کئی جواب ہیں لیکن ان کے ذہن میں جو اس وقت ہے وہ یہ ہے کہ پچھلے 20سال سے روزانہ ایک سے دو کلو گالیاں کھاتا ہو ں۔ اس پر ہال قہقہوں سے گونج اٹھا۔

بعد ازاں انہوں نے ایک مثال دی کہ کسی سادھو نے 8 سالہ بچی کو اپنے 3 سالہ بھائی کو اٹھائے پہاڑی پر چڑھتے دیکھا تو اس نے بچی سے پوچھا کہ تمہیں تھکاوٹ نہیں ہو رہی تو اس بچی نے جواب دیا کہ یہ تو میرا بھائی ہے اس پر سادھو نے دوبارہ پوچھا کہ میں نے یہ نہیں پوچھا کہ یہ تمہارا کیا لگتا ہے میں نے تو یہ پوچھا ہے کہ تمہیں تھکاوٹ نہیں ہو رہی تو اس بچی نے دوبارہ وہی جواب دیا کہ یہ تو میرا بھائی ہے جب اس نے تیسری بار سوال کیا تو بچی نے پھر وہی جواب دیاکہ یہ تو میرا بھائی ہے اور بھائی کواٹھانے سے تھکاوٹ نہیں ہو تی ۔مودی نے کہاکہ ملک کے سوا ارب عوام میرے خاندان کی طرح ہیں۔

انہوں نے کہا جہاں آپ اپنا پن اور محبت محسوس کرتے ہیں آپ خواہ کتنے ہی تھکے ہارے ہوں جسم ساتھ نہ دیتا ہو آرام کرنے کی شدید ضرورت ہو لیکن ٹیلی فون ا ٓجائے کہ آپ کا بھتیجا ہسپتال میں ہے تو ساری تھکاوٹ بھول جاتی ہے آپ بھاگم بھاگ اس کے پاس پہنچتے ہیں رات بھر اس کی خدمت میں گزار دیتے ہیں آپ اپنا آپ بھول جاتے ہیں کیونکہ وہ آپ کا اپنا ہے۔ میری زندگی بھی اسی طرح ہے میں بھی تھکا ہوتا ہوں آرام چاہتا ہوں لیکن اپنوں کیلئے جب دہلی سے کیرالہ سے یا دور دراز سے کوئی خبر آتی ہے تو میں اٹھ بیٹھتا ہوں اور خود کو تازہ دم کر کے کام میں جت جاتاہوں۔

دوسری بات یہ کہ آج تو وزیراعظم ہوں کوئی چائے لے آئے گا اور کوئی پانی بھی پلادے گا لیکن مجھے معلوم ہے اس کے بعد کیا ہوگا۔ میں کسی پر بوجھ نہیں بنتا۔ یہ میرے من کی خواہش ہے کہ میں ایسے ہی ہنستے کھیلتے کسی دن اس دنیا سے چلا جاؤں۔ اس لیے جسم کو جتنا فٹ رکھ سکتا ہوں رکھتا ہوں۔