لاہور: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، امریکہ اور روس سمیت دیگر ممالک نے اسلحہ میں تخفیف پر شمالی کوریا کے بیان کا خیر مقدم کیا۔ جاپان اور آسٹریلیا اس پر عملی اقدامات دیکھنا چاہتے ہیں۔
عالمی رہنماؤں نے شمالی کوریا کی جانب سے مزید ایٹمی اور میزائل تجربات نہ کرنے کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے مذاکرات کے حوالے سے پرامید ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ شمالی کوریاکے رہنماء سے ملاقات کےمنتظر ہیں۔ روسی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ اور شمالی کوریا کو تناو میں کمی کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا۔ چینی وزارت خارجہ نے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے خطے میں تناؤ کی شدت کم ہو گی۔ جنوبی کوریائی صدر کے ترجمان نےبھی اسے"مفیدعمل"قرار دیا ہے۔ جاپانی وزیراعظم نے بیان پر کچھ تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ آسٹریلیا کا موقف ہے کہ اسلحہ میں تخفیف تک اس بیان کو محتاط انداز میں دیکھا جائے۔