نئی دہلی (روزنامہ دنیا) بھارتی حکومت کے اہلکاروں نے کہا ہے کہ 2016 میں سعودی عرب کے جدہ میں امریکی قونصل خانے کے قریب خود کو بم سے اڑانے والا خود کش بمبار پاکستانی نہیں بلکہ بھارتی تھا اور اس کا نام فیاض کاغذی تھا۔
بھارتی شہری مہاراشٹر کے بیڈ کا باشندہ تھا ،امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق حملہ آور کی شناخت اس کے ڈی این اے سے ہوئی ہے جو بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی، این آئی اے کوسعودی عرب نے بھیجا تھا۔ایک اہلکار نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سعودی انتظامیہ نے اس کی تصدیق کی ہے کہ ہم نے کاغذی کا جو نمونہ بھیجا تھا وہ حملہ آور سے میل کھا گیا ہے ۔
سعودی اہلکاروں نے جدہ دھماکے کے بعد کہا تھا کہ حملہ آور عبد اﷲ قلزار خان ہے اور وہ پاکستان کا باشندہ ہے ۔ انھوں نے اس کی ایک تصویر بھی جاری کی تھی۔ جب اس پر مہاراشٹر اے ٹی ایس کے اہلکاروں کی نظر پڑی تو انھوں نے اسے کاغذی کے طور پر شناخت کر لیا۔ انھوں نے سعودی اہلکاروں سے رابطہ قائم کیا ۔