غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی سے شیر خوار بچی شہید

Last Updated On 16 May,2018 08:39 pm

غزہ: (ویب ڈیسک) غزہ کی پٹی پر احتجاجی مظاہرے کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی جانب سے طاقت کا اندھا دھند استعمال، اسرائیلی دہشتگردی سے شہید ہونے والوں میں کم سن بچے بھی شامل ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کی آنسوگیس کی شیلنگ سے متاثر ہونے والی ایک بچی دم توڑ گئی، جس کے بعد غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ساٹھ تک جا پہنچی ہے۔ اسرائیلی بربریت سے شہید ہونے والی آٹھ ماہ کی شیر خوار لیلیٰ الغندور کی ماں نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے نہتے مظاہرین کے سروں پر زہریلی آنسوگیس کی بارش برسائی گئی، جس کے نتیجے میں شہری دم گھٹنے سے متاثر ہوئے۔ متاثرین میں اس کی بچی بھی شامل تھی جو ہسپتال میں دم توڑ گئی۔

شہید ہونے والی ننھی لیلیٰ کی ماں مریم الغندور نے کہا کہ لیلیٰ ان کی اکلوتی بیٹی تھیں۔ آنکھوں سے جاری آنسو پونچھتے ہوئے انہوں نے خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی دشمن نے ان سے ان کی زندگی کی خوشی چھین لی۔ ایک سوال کے جواب میں مریم نے کہا کہ وہ احتجاجی مظاہروں میں شریک نہیں تھیں۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے مظاہرین کے ساتھ ساتھ شہریوں کے گھروں پر بھی آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی۔ ان کی بچی گھر پر شیلنگ کے نتیجے میں متاثر ہوئی اور بالآخر دم توڑ گئی۔