کینیڈا (دنیا نیوز ) روہنگیا مسلمانوں کے خلاف جرائم روکنے میں ناکامی کے بعد کینیڈا کے اراکانِ پارلیمان نے میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی کی اعزازی شہریت ختم کرنے کی قرارداد منظور کرلی۔
روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و تشدد کے خلاف نوبل انعام یافتہ آنگ سان سوچی کی خاموشی کے بعد کینیڈا کے ارکانِ پارلیمان نے آنگ سان سوچی کی اعزازی شہریت ختم کرنے کے حق میں ووٹ دے دیا۔ یہ اعزازی شہریت کینیڈا کے دونوں ایوانوں میں ایک مشترکہ قرارداد کے ذریعے دی گئی تھی اور اسے اسی انداز میں ختم کیا جائے گا۔
ادھر اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل نے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے ٹیم تشکیل دینے کی منظوری دے دی۔ قانونی ٹیم روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے شواہد کا تجزیہ کرے گی۔ پاکستانی نمائندے اور او آئی سی کے کوآرڈینیٹر فرخ عامل کہتے ہیں انسانی حقوق کی چمپئین آنگ سان سوچی کی خاموشی بدقسمتی ہے۔ گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں بھی میانمر کی فوج سے روہنگیا مسلمانوں کے قتلِ عام کے بارے میں تحقیقات کامطالبہ کیا گیا تھا۔